ہزاروں اینڈروئیڈ ایپس، جو آپ کا ڈیٹا خفیہ مقام تک پہنچا رہی ہیں
موبائل ایپس پر کام کرنے والی سیکیورٹی فرم "ایپ تھارٹی” کی جانب سے شائع ہونے والی روئداد میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ سینکڑوں سے بھی بڑھ کر ہزاروں اینڈروئیڈ اور آئی او ایس ایپس اپنے صارفین کا حساس ڈیٹا لیک کر رہی ہیں۔
فرم میں کام کرنے والے تحقیق دانوں نے فائربیس ڈیٹابیس استعمال کرنے والی تقریباً 27 لاکھ ایپس کا تفصیلی تجزیہ کیا جس سے حیران کن نتائج حاصل ہوئے۔ جو کہ کئی بزنس صارفین کے لیے پریشان کن بھی ہیں۔
کمپنی کی جانب سے جاری ہونے والی تفصیلات کے مطابق تقریباً 27 ہزار اینڈروئیڈ اور 3 ہزار سے زائد آئی او ایس ایپس ڈیٹا کو ذخیرہ کرنے کے لیے فائربیس کے غیرمحفوظ پلیٹ فارم کو استعمال کر رہی تھیں۔ جہاں سے یہ ڈیٹا کسی کے بھی ہاتھ لگ سکتا ہے۔
اس تحقیق کے دوران کام کرنے والے ماہرین کو 26 لاکھ کے قریب استعمال کنندگان کی شناخت اور پاسورڈز جبکہ اڑھائی کروڑ صارفین کی لوکیشن معلومات اور مالیاتی لین دین تک باآسانی رسائی حاصل ہو گئی۔ بات یہیں تک محدود نہیں رہی بلکہ انہیں تقریباً 40 لاکھ افراد کی ذاتی بات چیت اور دیگر ڈیٹا تک بھی رسائی سادہ متن کی صورت میں حاصل ہو گئی تھی۔
فرم ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ نتائج بہت زیادہ خطرناک ہیں۔ اس کا سادہ مطلب یہ ہے کہ صرف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ہی نہیں بلکہ ایپس بنانے والے ادارے بھی ڈیٹا اسکینڈلز میں براہ راست ملوث ہیں اور کروڑوں صارفین کا ڈیٹا داؤ پر لگ چکا ہے۔ اس سلسلے میں فوری حفاظتی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔