نئی سمارٹ فون لائن اپ ”پکسل“ متعارف کرا دی، بناوٹ، کیمرہ اور سافٹ وئیر فیچرز ایسے کہ ہر کوئی خریدنے کیلئے بیتاب ہو گیا

نئی سمارٹ فون لائن اپ ”پکسل“ متعارف کرا دی، بناوٹ، کیمرہ اور سافٹ وئیر فیچرز ایسے کہ ہر کوئی خریدنے کیلئے بیتاب ہو گیا 

 سان فرانسسکو (ٹیکنالوجی ڈیسک) گوگل نے نئی سمارٹ فون لائن اپ ”پکسل“ متعارف کرا دی ہے جس نے ابتدائی طور پر ہی سمارٹ فون ٹیکنالوجی کے ماہرین اور دنیا بھر میں ان کے شوقین افرادکو اپنی جانب متوجہ کر لیا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ گوگل کی ”نیکسس“ لائن سے کہیں زیادہ کامیابی حاصل کرے گی۔



 پکسل اور پکسل ایکس ایل میں اب تک کے بہترین ہارڈوئیر کا استعمال کیا گیا ہے جبکہ اس کے سافٹ وئیر میں کچھ خاص ترین فیچرز کے علاوہ اور بھی بہت سی دلچسپ چیزیں ہیں جنہیں آپ ضرور پسند کریں گے۔ دونوں سمارٹ فونز کا ہارڈوئیر ایک جیسا ہے مگر سکرین سائز، ریزولوشن اور بیٹری میں کچھ فرق موجود ہے۔ پکسل ایکس ایل کا سکرین سائز 5.5 انچ اور اس کی ریزولوشن 2560*1440 ہے جبکہ پکسل کا سکرین سائز 5.5 انچ اور اس کی ریزولوشن 1920*1080 ہے اور ان کی سکرین کی حفاظت کیلئے گوریلا گلاس 4 استعمال کیا گیا ہے۔ اس کی ایک اورخوبی تیزی سے چارج ہونے ہے اور صرف 7 منٹ میں 70 فیصد بیٹری چارج کی جا سکتی ہے۔ دونوں سمارٹ فونز کے ہارڈوئیر کی مکمل تفصیلات مندرجہ ذیل دئیے گئے چارٹ میں موجود ہیں۔ .




 ایچ ٹی سی کے تیار کردہ پکسل اور پکسل ایکس ایل کا پچھلا حصہ زیادہ تر ایلومونیم سے بنایا گیا ہے تاہم اوپر کی جانب شیشہ بھی لگایا گیا ہے جہاں کیمرہ سینسر اور فنگر پرنٹ ریڈر بھی نصب ہے۔ دونوں سمارٹ فونز تین رنگوں سلور، نیلے اور کالے رنگ میں فروخت کیلئے پیش کئے جائیں گے۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ یہ سمارٹ فونز ایچ ٹی سی کے لوگو کی بجائے گوگل کے لوگو کے ساتھ فروخت کیلئے پیش کئے جائیں گے اور اس طرح کمپنی نے ”اپنے“ سمارٹ فون متعارف کرانے کا خواب بھی بالآخر پورا کر ہی لیا ہے۔



 ان سماٹ فونز کی سب سے خاص بات ان کا کیمرہ ہے جنہیں مشہور ریٹنگ کمپنی DxOMark نے اب تک کا بہترین کیمرہ قرار دے بھی دیا گیا ہے۔ دونوں سمارٹ فونز میں 12.3 میگا پکسل کا بیک کیمرہ نصب ہے جس کا اپرچر سائز f/2.0 اور پکسل 11.55µm ہیں جبکہ آپٹیکل امیج سٹیبلائزیشن کا فیچر بھی موجود ہے۔ ان دونوں سمارٹ فونز کی فرنٹ سائیڈ پر 8 میگا پکسل کا کیمرہ بھی نصب کیا گیا ہے۔



 اس کے سافٹ وئیر میں پہلی مرتبہ پکسل لانچر، گوگل اسسٹنٹ بھی شامل کیا گیا ہے جو بنیادی طور پر گوگل کا ناﺅ کا بہتر ورژن ہے۔ آپ کو صرف ”Ok Google“ کہنا ہو گا اور گوگل اسسٹنٹ آپ کا کام کرنے کیلئے حاضر ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ گوگل کی نئی ریلیز ہونے والی ایپلی کیشن ”Allo“ اور Duo“ بھی اس موبائل کے سافٹ وئیر کا حصہ ہیں۔

 گزشتہ سال فروخت کیلئے پیش کئے گئے نیکسس سیریز کے آخری سمارٹ فونز نیکسس 6P اور نیکسس 5X کے ساتھ گوگل نے لائیو کیسز بھی فروخت کیلئے پیش کئے تھے جنہیں دنیا بھر میں صارفیین نے بہت پسند کیا تھا۔ ان کیسز کی خصوصیت بھی ''سمارٹ'' ہونا ہی ہے کیونکہ ڈیجیٹل کیسز ہونے کے باعث آپ ان کا ڈیزائن تبدیل کرنے کیلئے اپنی کوئی بھی تصویر، گوگل میپ یا پھر آرٹ ورک وغیرہ لگا سکتے ہیں اور یہ سب کچھ موبائل ایپیلی ایپلی کیشن کے ذریعے ممکن ہے۔ اس طرح ایک ہی کیس خرید کر اسے ہر روز نیا ڈیزائن دیا جا سکتا ہے اور یوں اور کوئی کیس خریدنے کی ضرورت ہی نہیں رہتی۔ ان کیسز کی کامیابی کے بعد گوگل نے پکسل سیریز کے سمارٹ فونز کیلئے بھی یہ کیس متعارف کرائے ہیں جو سمارٹ فونز کیساتھ ہی فروخت کیلئے پیش کر دئیے جائیں گے اور دلچسپی رکھنے والے افراد گوگل کی ویب سائٹ کے ذریعے انہیں خرید سکیں گے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post