سام سنگ ایس9، بہتر کیمرا لیکن فیچرز سب پرانے

سام سنگ ایس9، بہتر کیمرا لیکن فیچرز سب پرانے




سام سنگ پچھلے سال نوٹ 7 کی بدترین کارکردگی کے بعد راکھ تلے سے ابھرا اور گلیکسی ایس8 پیش کیا، جو 2017ء کے بہترین فونز میں سے ایک قرار پایا بلکہ سام سنگ کی پیش کردہ بہترین مصنوعات میں سے بھی شمار ہوا۔ اس لیے یہ حیرت کی بات نہیں اِس سال پیش کیا جانے والا گلیکسی ایس9 اور ایس9پلس ایس8 فونز سے بہت زیادہ مختلف نہیں۔ یہ فون 2 مارچ سے آرڈر کے لیے دستیاب ہوگا اور اس کی فراہمی 16 مارچ سے شروع ہو جائے گی۔
درحقیقت گلیکسی ایس9 اور ایس9پلس پچھلے فونز یعنی ایس8 سے اتنے ملتے جلتے ہیں کہ ایک نظر میں آپ پہچان ہی نہ پائیں گے کہ یہ کوئی نیا فون ہے۔ ایس9 میں ایس8 کا وہی پرکشش اور مؤثر ڈیزائن ہے، کچھ زیادہ بڑی 18.5:9 اسکرین، خمیدہ کنارے اور اگلے اور پچھلے حصے پر شیشہ۔ ایس9 میں ہوگی 5.8 انچ اور ایس9 پلس میں ہے 6.2 انچ کی اسکرین، یہ دونوں سپر ایمولیڈ پینل ہیں 2960 ضرب 1440 پکسل کے ریزولیوشن کے ساتھ البتہسام سنگ کا کہنا ہے کہ یہ پچھلے سال کے مقابلے میں زیادہ روشن اسکرینیں ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بظاہر پچھلے سال کےفون جیسے ہی نظر آنے والے نئے ماڈلز پیمائش میں تھوڑے سے مختلف ہیں بلکہ وزن میں بھی تھوڑے زیادہ ہی ہیں۔
سام سنگ نے فنگر پرنٹ اسکرین کیمرے کے دائیں جانب کے بجائے اب نیچے کی طرف منتقل کردیا ہے، جس سے یہ استعمال کرنا آسان ہو گیا ہے، خاص طور پر ایس9 پلس میں۔ گو کہ توقع کے برعکس اسکرین میں ہی نصب فنگر پرنٹ اسکینر شامل نہیں، لیکن پھر بھی پرانے ڈیزائن کے مقابلے میں اب کچھ بہتری کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بٹن لے آؤٹ اور دیگر ہارڈویئر خصوصیات وہی ہیں یہاں تک کہ 3.5 ملی میٹر کی ہیڈفون جیک بھی ہے۔ سام سنگ کا کہنا ہے کہ ایس9 کے نئے اسپیکر اب اسٹیریو ساؤنڈ رکھتے ہیں اور 40 فیصد زیادہ آواز پیدا کرتے ہیں۔
ہم آپ کو وقتاً فوقتاً سام سنگ ایس 9 کی لیک ہونے والی خبروں کے بارے میں بتاتے رہے ہیں اس لیے باقی پہلو زیادہ حیران کن نہیں۔ ایس9 میں کویلکوم اسنیپ ڈریگن 845 پروسیسر ہے، 4 جی بی ریم کے ساتھ جبکہ ایس9 پلس میں یہ 6 جی بی ریم ہوگی؛ 64 جی بی اسٹوریج کے ساتھ اس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ لگانے کی سہولت بھی ہے۔ ایس9 میں 3 ہزار اور ایس9 پلس میں ساڑھے 3 ہزار ایم اے ایچ کی بیٹریاں ہیں۔ یہ گرد اور پانی سے محفوظ فون ہے اور وائرلیس اور وائر کے ساتھ دونوں میں فاسٹ چارجنگ کرتا ہے۔ ایس 8 کی طرح ایس 9 بھی ایک گیگابٹ فون ہے اور یہ 132 جی بی پی ایس تک کی رفتار کو سپورٹ کر سکتا ہے۔
سب سے نمایاں خصوصیت ہے ایس9 کا نیا کیمرا سسٹم، جو ایس9 میں سنگل لینس ہے اور ایس9 پلس میں ڈوئل کیمرا ہے۔ یہ سام سنگ کا پہلا کیمرا ہے جو میکانیکی طور پر ایڈجسٹ ایبل اپرچررکھتا ہے۔ یہ کئی لحاظ سے ایک بہتر کیمرا ہے جوزیادہ اور کم روشنی دونوں ماحول میں بہترین کارکردگی دکھا سکتاہے۔ ایس9 میں آپریٹنگ سسٹم کے طور پر اینڈرائیڈ 8.0 ہوگا۔ یہ کالے، جامنی اور نیلے رنگوں میں دستیاب ہوگا جبکہ سرمئی رنگ بھی بین الاقوامی سطح پر پیش کیا جائے گا۔ ایس9 کی قیمت 719 سے 839 ڈالرز ہوگی۔

Post a Comment

Previous Post Next Post